سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے اشیائے ضرروریہ اور کووِڈ ویکسینوں کی خطوں کوسپلائی میں بدانتظامی کیلئے حکومت کی زبردست نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو خداکے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ایک بیان میں پارٹی کے ترجمان محمد نجم الثاقب نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے غافل ہے۔انہوں نے کہا کہ افراط زر نے آسمان کو چھو لیا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کے بوجھ میں اضافہ ہوا ہے اور ضروری ادویہ نایاب ہیں اور پھر بھی حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے اختلاف رائے کودبانے،گرفتارکرنے ،مصوروں کودھر لینے اور اپنی خوشامدکرنے میں مصروف ہے۔پی ڈی پی ترجمان نے کہا کہ کئی دنوں سے کشمیرمیں کوئی ٹیکہ کاری نہیں کی گئی اورجموں میں طبی آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اموات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔جموں میں بحران یہاں تک پہنچ گیا ہے کہ انتظامیہ نے سرینگر کیلئے مخصوص رکھے گئے آکسیجن پلانٹوں کو جموں منتقل کیا ہے۔انہوں نے جموں اور کشمیر میں ٹیکہ کاری میں تفاوت پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔