پونچھ//جماعت اسلامیہ کے ز یر اہتمام مرکزی عید گاہ پونچھ میں ایک روزہ سنتوں بھرا اجتماع کے عنوان سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس اجتماع میں بڑی تعداد میں عاشقان رسولؐنے شرکت کی۔اجتماع کے دوران جہاں نعت خواں حضرات نے اپنی پر سوز آواز میں نعت و منقبت کا نذرانہ بارگاہ سرکار دوعالم ؐمیں پیش کیاوہی ریاستی اور بیرون ریاست سے آئے ہوئے علمائے کرام نے نہایت ہی سبق آموز اور نصیحت آموز بیانات کئے ۔انہوںنے کہا کہ انسان خدا وند کریم کا شکر ادا نہیں کرسکتا، انسان ہمیشہ ناشکری کرتا ہے لیکن اگر وہ اللہ کی نعمتوں کا شمار کرے تو خدا وند کریم کا اس پر اتنا بڑا فضل و کرم ہے کہ وہ اس کا شکر کرتے نہیں تھکے گا۔انہوں نے کہا کہ انسان ہمیشہ اپنے سے بہتر کی طرف دیکھتا ہے،اگر ایک سالم انسان اس شخص کو دیکھے جس کے ہاتھ پائوں نہیں تو وہ اسی بات پر خدا کا شکر کر سکتا ہے کہ اسے اللہ نے اتنے بڑے کرم سے نوازا ہے۔انہوں نے مسلمانان عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چند ہی روز بعد رمضان المبارک شروع ہونے جا رہا ہے، لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اس ماہ مبارک میں جو ماہ رحمت ہے ،میں خوب عبادت کریںاور اس مہینہ کا احترام کریں۔انہوں نے کہا کہ خدا وند کریم کی جانب سے یہ مہینہ مسلمانوں کے لئے ایک تحفہ کی حیثیت رکھتا ہے جس میں وہ اپنے معبود کی بارگاہ میں حاضر ہو کر اپنی تمام خطائوں کو بخشوا سکتے ہیں۔اس اجتماع کے دوران ضلع افسران اور مختلف پارٹیوں کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔آخرپر عالم انسانیت کے لئے دعائیں کی گئیں۔