عظمیٰ نیوز ڈیسک
جلگائوں//مہاراشٹر کے جلگائوں میں ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں 11افرادکی موت واقع ہوئی ہے۔ پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ سے بڑی تعداد میں مسافر ریل سے کود کر نیچے اترے۔ اس درمیان دوسرے ٹریک پر آ رہی دوسری ریل نے کئی مسافروں کو کچل دیا۔ ریلوے ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں میں کم از کم 11افراد اس حادثہ میں ہلاک ہوئے اور تقریبا 40 افراد زخمی ہیں۔اس حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ریلوے کے ایک افسر نے بتایا کہ مہاراشٹر کے جلگائوں ضلع میں چین پلنگ کے بعد پٹری پر آئی دوسری ریل نے مسافروں کو
کچل دیا ۔پشپک ٹرین کے کئی مسافر ریل میں آگ لگنے کی افواہ سے نیچے اتر گئے اور پھر اپنے کوچ کے سامنے کھڑے ہو کر حقیقت کا پتہ کرنے لگے۔ اس دوران دوسرے ٹریک پر کرناٹک ایکسپریس آئی جس کی زد میں کئی مسافر آگئے۔ حادثے کی جانکاری ملتے ہی ریلوے کے افسران اور دیگر اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ۔ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پشپک ایکسپریس پرانڈا ریلوے اسٹیشن پہنچنے والی تھی، تبھی ٹرین کے موٹر مین نے بریک لگایا تو پہیوں سے آگ کی چنگاری نکلنے لگی۔ اس سے مسافروں میں آگ کا خوف پیدا ہو گیا اور یہ افواہ تیزی کے ساتھ ایک کوچ سے دوسرے کوچ میں پھیل گئی۔ اس افواہ سے خواتین و بچوں میں افرا تفری پیدا ہو گئی۔ریل میں بیٹھے کئی لوگ جلد از جلد کوچ سے اترنے کو بے تاب نظر آئے۔ کچھ ڈرے سہمے لوگوں نے رکتی ہوئی ریل سے کودنا بھی شروع کر دیا۔افواہ کی وجہ سے ریل سے اترنے والے مسافروں کی تعداد تقریباً 50بتائی جا رہی ہے۔ ان میں سے بیشتر مسافروں نے دوسرے ٹریک پر آ رہی کرناٹک ایکسپریس کو نہیں دیکھا، نتیجہ یہ رہا کہ وہ اس کی زد میں آ گئے۔ مہلوکین اور زخمیوں کی حتمی تعداد فی الحال سامنے نہیں آئی ہے، لیکن ایسے اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ کم از کم ایک درجن لوگوں کی موت جائے وقوع پر ہی ہو گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال علاج کیلئے داخل کرایا گیا ہے۔
کرناٹک میں حادثہ 14افراد کی موت
عظمیٰ نیوز ڈیسک
بنگلورو//کرناٹک کے یلا پورہ اور رائے چور میں بدھ کو دو بڑے سڑک حادثات میں 14افراد کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 30افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک طرف شمالی کنڑ ضلع کے یلا پورہ ہائی وے پر ہوئے سڑک حادثے میں 10لوگوں کی جان چلی گئی ہے وہیں دوسری طرف رائے چور میں ایک گاڑی کے الٹ جانے سے 3 طلبا سمیت 4 لوگوں کی موت ہوگئی۔شمالی کنڑ ضلع کے یلا پورہ ہائی وے پر خوفناک سڑک حادثہ ہوا۔ یہاں گلا پورہ میں سبزی لے جا رہا ٹرک توازن بگڑ جانے کے بعد ایک ٹرپر سے ٹکرا گیا جس سے اس کے پرخچے اڑ گئے۔ اس حادثے میں 10 لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ 20افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔