عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کرائم برانچ جموں و کشمیرکی اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 16/2014 میں دفعہ420، 468 اور 471 آر پی سی کے تحت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، سری نگر کی معزز عدالت کے سامنے4ملزمین کے خلاف جعلی تعلیم اور امتحان کے ذریعے سرکاری تقرریوں کو حاصل کرنے کے الزام میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔ ملزمان میں شجاع جیلانی ولد غلام جیلانی ساکنہ79-B پمپوش کالونی چھانہ پورہ سری نگر، محمد اقبال ولد محمد عثمان ساکنہ مکان نمبر181عمر کالونی لال نگر چھانہ پورہ سری نگر، نثار احمد وانی ولد ناصر احمد وانی ساکنہ مالواری پلوامہ اور ریاض احمد شاہ ولد عبدالعزیز شاہ ساکنہ مڈورا اونتی پورہ شامل ہیں۔کرائم برانچ جموں و کشمیرکے مطابق یہ مقدمہ اس شکایت کے بعد درج کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ سروسز سلیکشن ریکروٹمنٹ بورڈ (SSRB) کے ذریعے محکمہ صحت میں مختلف اسامیوں کیلئے منتخب کیے گئے 4 امیدواروں نے جعلی اور نقلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر اپنی تقرری حاصل کی تھی۔ تصدیق کے دوران ملزمان کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات جعلی پائے گئے اور انتخاب کے وقت پیش کیے گئے ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتے۔ نتیجتاً ان کا انتخاب منسوخ کر دیا گیا۔ تفتیش میں ثابت ہوا کہ ملزمان نے جعلی سرٹیفکیٹ استعمال کرکے بے ایمانی سے سرکاری ملازمت حاصل کی اور اس طرح حکام کو دھوکہ دیا۔