جموں//ڈیزاسٹرمنیجمنٹ، ریلیف اور باز آباد کاری کے وزیر جاوید مصطفی میر نے کل ریاست میں آئے زلزلے کے بعد ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت کمار اور ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ عامر علی کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعے صورت حال کا جائزہ لیا۔وزیرکو جانکاری دی گئی کہ ریاست میں زلزلے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نہ تو کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاست جموں وکشمیر سیسمک زون 4اور 5میں آتی ہے اور یہاں زلزلوں کا خطرہ رہتا ہے جس کی بنا پر کچھ لوگوں نے یہ افواہ پھیلا دی کہ ایک اور زلزلہ آنے والا ہے جسے کئی مقامات پر لوگ پریشان ہوئے۔وزیر موصوف نے ان افواہوں کی نفی کرتے ہوئے عام لوگوں سے اپیل کی کہ زلزلوں کی پیشن گوئی نہیںکی جاسکتی ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ ایسی عمارات تعمیر کی جانی چاہئیں جن پر زلزلہ اثر انداز نہ ہو۔ انہوں نے زلزلوں کے دوران تمام احتیاطی تدابیر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر نے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ زلزلوں کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عام لوگوں میں بیدار ی پیدا کریں۔