ٹنگمرگ //شمالی قصبہ کنزرکے رمبیل پورہ نامی گائوں میں تیندوے کے حملے میں کم سے کم 24بھیڑیں ہلاک جبکہ دو دیگر کو زخمی ہیں۔21اور 22جون کی درمیانی رات کومعراج الدین ریشی ولد خضر محمد ریشی کے گائو خانے میں موجود 24 بھیڑیں تیندوے کے حملے میں ہلاک ہوگئے۔مذکورہ شہری نے گذشتہ سال بے روزگاری سے نجات پانے کیلئے زمین فروخت کرکے انہیں خرید لیا تھا۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کی صبح جب وہ بھیڑیںگھاس چرانے کیلئے گائو خانے میں داخل ہوا تو اُس کے ہوش اڑگئے جب اُس نے وہاں سبھی بھیڑیںخون میں لت پت دیکھ لیں۔اس صورتحال کو دیکھ کر افراد خانہ پر غشی طاری ہوگئی اور وہاں لوگوں کی بھاری تعداد جمع ہوگئی۔محکمہ وائلڈلائف نے اطلاع ملتے ہی تیندوے کو پکڑنے کیلئے تلاشی کارروائی شروع کی جو بے سود ثابت ہوئی۔ مقامی شہری بشیر احمد نے بتایا کہ ٹنگمرگ کے قرب وجوار میں جنگلی جانوروں کی موجودگی سے علاقے میں لوگ اکیلے گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کرتے ہیں جبکہ محکمہ وائلڈلائف لوگوں کو جنگلی جانوروں سے نجات دلانے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ کی ہدایت پر نائب تحصیلدار کنزر نے رمبیل پورہ جاکر نقصان کا جائزہ لیا۔مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ شخص کو معاوضہ فراہم کیا جائے ۔معراج الدین ریشی کی پانچ بیٹیاں ہیں اور روزگار کا کوئی اور ذریعہ نہیں ہے۔