ایجنسیز
بنکاک + نوم پنہ// تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر جاری سرحدی تنازعہ کے نتیجے میں دونوں ممالک کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ تھائی لینڈ نے نو فوجیوں کی ہلاکت اور تقریباً دو لاکھ شہریوں کے بے گھر ہونے کی اطلاع دی ہے جب کہ کمبوڈیا نے دس شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔تھائی لینڈ کے وزارت دفاع کے ترجمان سرسنت کونگسیری نے جمعرات کو کہا کہ سرحد پر جاری جھڑپوں میں تھائی لینڈ کے 9 فوجی ہلاک اور 120 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ چھڑپ کی وجہ سے تقریباً دو لاکھ تھائی شہری بے گھر ہوئے ہیں، جنہوں نے کیمپوں میں پناہ لی ہے۔ اب تک تین پناہ گزینوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے اور کل 849 پناہ گزین کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق، تقریباً 200 اسپتال اور کلینک بھی تنازعات سے مختلف سطحوں تک متاثر ہوئے ہیں۔ تھائی آرمی ایریا کمانڈ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ جھڑپیں ابھی بھی جاری ہیں، جس میں کمبوڈین فورسز تھائی لینڈ کے ابون رتچاتھانی اور سسکیٹ صوبوں میں کئی مقامات پر فائرنگ کر رہی ہے۔دوسری جانب کمبوڈیا نے بھی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ کمبوڈیا کی وزارت دفاع کے انڈر سکریٹری اور ترجمان لیفٹیننٹ جنرل مالے سوچیتا نے جمعرات کو کہا کہ تھائی لینڈ کے ساتھ سرحدی جھڑپوں کے تازہ ترین دور میں کمبوڈیا کے کم از کم 10 شہری ہلاک اور 60 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔سوچیتا نے ایک پریس بریفنگ میں کہا، “ہلاک ہونے والے 10 شہریوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے اور 60 شہری زخمی ہوئے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا-تھائی لینڈ سرحدی تنازعہ اتوار کی دو پہر دوبارہ بھڑک اٹھا اور جمعرات کی صبح تک جاری رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تھائی فوج کمبوڈیا کے علاقے میں کئی مقامات پر توپ کے گولے داغ رہی ہے۔