ظفر اقبال
اوڑی//باگرٹو دچھی گاں، اوڑی میں تعلیمی ڈھانچے کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں اسکول میں زیر تعلیم بچے شدید گرمی کے باوجود ایک عارضی ٹین شیڈ میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق پانچ مختلف جماعتوں کے طلبہ اور اساتذہ ایک ہی عارضی شیڈ میں انتہائی نامساعد حالات میں تدریسی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اسکول تقریبا دو دہائیوں سے گاں میں قائم ہے۔ ابتدا میں اسکول کرائے کے کمرے میں چلایا جاتا تھا، بعد ازاں عمارت کی تعمیر کے باوجود تدریسی عمل کو ٹین شیڈ میں منتقل کر دیا گیا، جہاں آج تک کلاسیں جاری ہیں۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ اسکولی تعلیم ہر سال ہزاروں طلبہ کے داخلے تو کرتا ہے، لیکن دور دراز علاقوں میں موجود تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولیات اور مناسب انفراسٹرکچر فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ان حالات نے حکومت کے تعلیمی ترجیحات کے دعوں پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر مستقل عمارت فراہم کرنا ممکن نہیں تو کم از کم کرائے کی مناسب عمارت کا انتظام کیا جائے تاکہ بچے محفوظ اور سازگار ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔دچھی ان دیہات میں شامل ہے جو 2005 کے تباہ کن زلزلے اور حالیہ حالات سے متاثر رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق گورنمنٹ مڈل اسکول دچھی اوڑی کی مرکزی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے اور کئی برسوں سے اس کی بڑی مرمت نہیں کی گئی۔ان کے مطابق عمارت کے بعض حصے 2005 کے زلزلے میں متاثر ہوئے تھے، جن کی اس وقت بارڈر سکیورٹی فورس (BSF) نے جزوی مرمت کی تھی، تاہم اس کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے کوئی خاطر خواہ بحالی نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق تقریبا 200 طلبہ خستہ حال عمارتوں اور غیر محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جس سے تعلیمی معیار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے تباہ شدہ عمارتوں کی مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔زونل ایجوکیشن آفیسر جولا، سیف الدین نے بتایا کہ باگرٹو اسکول کی عمارت کے لیے زمین دستیاب نہیں ہو سکی، جس کی وجہ سے تعمیر ممکن نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زمین کے حصول کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مڈل اسکول کی مرمت کے حوالے سے اعلی حکام سے بات کر کے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔