کپوارہ//ترہگام میں بجلی کی عدم دستیابی پرمحکمہ بجلی کے تئیں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ ترہگام 4پنچائتی حلقوں پر مشتمل ہے لیکن بنیادی سہولیات خاص طور بجلی سپلائی سے محروم ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر غلام رسول شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ گزشتہ سال نومبر سے ترہگام میں بجلی کی سخت قلت پیدا ہوئی لیکن گزشتہ ایک ہفتہ سے بجلی کی آنکھ مچولی نے صارفین کی ناک میں دم کررکھا ہے جس کے سبب نہ صرف صارفین بلکہ طلاب اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ بجلی شیڈول کے مطابق صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہو ا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترہگام میں اگرچہ شیڈول کے علاوہ بجلی سپلائی میں کٹوتی کی جاتی ہے تاہم ویلگام میں موجود گرڈ اسٹیشن سے الگ ایک گھنٹہ کی بجلی کٹوتی کی جاتی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4مہینو ں کے دوران بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ سخت تنگ آچکے ہیں ۔مقامی لوگو ں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ترہگام میں معقول بجلی سپلائی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر وہ سڑکو ں پر آنے کے لئے مجبورہوجائینگے۔