پونچھ// ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے ان دنوں پونچھ کے دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کے مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں۔اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے جھلاس ، سلوتری، پٹن سر اور کھبی ناڑ کا پیدل دورہ کیا ۔اس دوران انہوں نے متعدد مقامات پر اجلاس منعقد کر کے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے مسائل حل کروانے کے لئے پر عزم ہیں اور جلد ہی تمام مسائل کا حل نکالاجائے گا۔تانترے نے کہاکہ پی ڈی پی صدر وریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایات پر وہ دور دراز علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی جاسکے ۔ممبراسمبلی نے کہاکہ ریاستی مخلوط سرکار محبوبہ مفتی کی قیادت میں 80000 عارضی ملازمین کو مستقل کرنے جا رہی ہے ۔انہوں نے بے روزگار نوجوانوں کو بھی یقین دلایا کہ حکومت جلد ہی ان کو روزگار فراہم کرے گی۔ممبر اسمبلی نے جھلاس ہائی اسکول کو اپ گریڈ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران کئی لوگوں نے پی ڈی پی میں شمولیت کا اعلان کیا جن کا تانترے نے استقبال کیا ۔ان کے ہمراہ سینئر لیڈر کیپٹن دتا،پروفیسر مغل، محمد شفیع میلو، رشید تانترے،کپل شرما، تنویر ڈار وغیرہ بھی تھے ۔