سرینگر //گذشتہ روز حکومت نے (جونیئر سکیل کشمیرایڈمنسٹریٹو سروس) بلاک ڈیولپمنٹ افسران کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائیں۔ حکم نامہ کے مطابق2019 بیچ کے74 جونیئرسکیل کشمیر انتظامی افسران سمیت قریب 150کے اے ایس افسران کی بلاک ڈیولپمنٹ افسران کے طور پر تقرریاں و تعیناتیاں عمل میں لائی گئیں ،تاہم نئے 74بی ڈی او زمیں سے صرف 19کشمیر ڈویژن کے حصے میں آئے جبکہ جموں میں 55نئے بی ڈی او ز تعینات کئے گئے ہیں۔ فی الوقت وادی میں 45 اور جموں میں 16بی ڈی اوز کو اضافی چارج تفویض کئے گئے ہیں۔
وادی میں متعدد بلاک ایسے ہیں جہاں بی ڈی اوز کی تعیناتی نہیں ہو سکی ہے ۔وادی میںجن 45بی ڈی اوز کو بلاکوں کا اضافہ چارج دیا گیا ہے وہ اب اس شش پنج میں ہیں کہ وہ کہاں پر جائیں اور کہاں نہیں۔کیونکہ انکے ماتحت دیئے گئے بلاکوں کاآپسی فاصلہ کہیں50 تو کہیں70کلو میٹر سے بھی زیادہ ہے۔اتنا ہی نہیں بلکہ ان کے ماتحت بلاک مختلف تحاصیل میں پڑتے ہیں۔ جہاں تک بی ڈی او ز کا وقت پرپہنچنا کافی مشکل ہے۔حالانکہ ان افسران کی تعیناتی کشمیراورجموں ڈویژنوں کے مختلف اضلاع کی حدودمیں آنے والے بلاکوںمیں بطوربی ڈی اوئوز کے عمل میں لائی گئی ہے لیکن سرکاری احکامات میں نا قابل یقین غلطیاں یا خامیاں رہ گئی ہیں۔جہاں کشمیر کو جموں کے مقابلے میں کم کوٹا ملا ہے وہیں وادی میں جموں کے 16بی ڈی اوز کے مقابلے میں قریب 45بلاکوں کااضافی بوجھ ڈالا گیا ہے۔ بلاک بھی ایک دوسرے سے کئی کلو میٹر کے فاصلے پر ہیں اوریوںسرکاری کام کاج بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بی ڈی اوز کو اپنے اضلاع میں تعینات کرنے کے بجائے دوردراز اضلاع میں بھیج دیا گیا ہے، جس سے عوام کی بھی متعلقہ افسران تک رسائی متاثر ہوگی اور سرکاری کام کاج بھی متاثر ہوسکتا ہے۔کئی ایک بی ڈی اوز کا کہنا ہے کہ وادی میںاس لئے اضافی بلاکوں کا بھاری بوجھ ان پر ڈالا گیا ہے کیونکہ نئے افسران کو تعینات کرنے کیلئے کوٹا کم ملا ہے اور 75میں سے صرف 19نئے کے اے ایس افسران کو ہی بی ڈی او تعینات کیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے اب 45بی ڈی اوز 2بلاکوں کا کام کاج سنبھالیں گے ۔ نا قابل یقین سرکاری احکامات کے مطابق محمد عارف کو بی ڈی او بلاک کیمو ہ کولگام تعینات کیا گیاہے لیکن ساتھ میں انہیں بہی باغ کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے، جس کی مسافت 10کلو میٹر سے زیادہ ہے۔ ۔ٹنگڈار کرناہ کے بی ڈی او کو 40کلو میٹر سے بھی زیادہ دورراجواڑہندوارہ بلاک کا اضافی چارج دیا گیا ہے جبکہ کچھ ہی کلو میٹر دور ٹیٹوال کرناہ میں کوئی بھی بی ڈی او تعینات نہیں ہے ۔ مشتاق احمد خان کو بی ڈی او مژھل تعینات کیا گیا ہے اور انہیںبلاک کلاروس بھی دیا گیا ہے ۔ عارف شیخ کو بی ڈی او کنگن تعینات کیا گیا ہے اور انہیں بلاک صفاپورہ کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے، جو کم سے کم 25کلو میٹر دور ہے۔ ۔جہانگیر احمد شاہ کو بی ڈی او قاضی آباد ہندوارہ تعینات کیا گیا ہے،ساتھ میں انہیں پہروپیٹھ لنگیٹ کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔جن کی آپس میں دوری قریب 10کلو میٹر ہے۔عابد اقبال کو واورہ اور سوگام لولاب کا چارج دیا گیا ہے جبکہ انہیں20کلو میٹر سے بھی زیادہ دور ترہگام بلاک کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ہلال احمد بٹ کو بڈگام میں دو بلاکوں کا چارج دیا گیا ہے ۔
طارق احمد پڈر کو بی ڈی او بانڈی پورہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ انہیں بلاک گریز کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے ۔بانڈی پورہ اور گریز کے درمیان کتنا فاصلہ ہے یہ کسی سے ڈھکی بات نہیں ہے۔زاہد آزاد کو بی ڈی او چتراگام شوپیاں تعینات کیا گیا ہے اور ساتھ میں انہیں بی ڈی او کاپرن کا اضافی چارج دیا گیا ہے ، جو تحصیل امام صاحب میں آتا ہے۔شکیل احمد بٹ کو بی ڈی او دیوسر کولگام تعینات کیا گیا اور انہیں بلاک پہلو کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے ۔مہناز چشتی بی ڈی او سرینگر تعینات کرنے کے علاوہ انہیں بلاک کھنمو ہ کا بھی اضافی چارج دیا گیا ہے ۔اسی طرح کل 45بی ڈی او کو کشمیر وادی میں اضافی پوسٹوں پر تعینات کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ 13بی ڈی او ایسے ہیں جنہیں اپنے عہدوں کے علاوہ اضافی چارج بھی دیاگیا ہے ان میں طلعت معمود وانی بی ڈی او بجبہاڑہ کو بی ڈی او اننت ناگ،بشیر احمد بٹ بی ڈی او الوسی بانڈی پورہ کو بلاک بنکوٹ ،شکور احمد ڈار بی ڈی او کیلرشوپیاں کو 45کلو میٹر دوربلاک فرصل کولگام کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔عبدالرشید آہنگر بی ڈی او بارہمولہ کو 15کلو میٹر دور نارواو بلاک کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔فہمیدہ بانو بی ڈی او بارہمولہ کو بلاک زینہ گیر سوپورکا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔یہاں دونوں بلاک دو مختلف تحاصیل میں پڑتے ہیں۔ارشد احمد خان کو بی ڈی او نورکھاہ بارہمولہ کو بلاک سنگپورہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔ریاض احمد بی ڈی او پلوامہ کو 15کلو میٹر دوربلاک شادی مرگ کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔عبدالرشید گنائی بی ڈی او واگورہ کو نادی ہل بانڈی پورہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ ابھی بھی وادی میں 50کے قریب بلاک خالی ہیں جہاں بی ڈی او ز کی تعینات عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔کپوارہ میں نننوسہ ، ماور ، ٹیٹوال،بانڈی پورہ میں ارن ، بگتور ، تلیل کے بلاک خالی ہیں اسی طرح دیگر بلاکوں میں بھی بی ڈ ی اوز تعینات نہیں کئے جا سکے ہیں ۔