عظمیٰ نیوزسروس
جموں //بی جے پی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں اپنی وی ڈی جی سیل کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں ولیج ڈیفنس گارڈز کی فلاح و بہبود، اعزازیہ اور سروس شرائط پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری بلدیپ سنگھ بلاوریا نے وی ڈی جیز کی جرات اور وابستگی کو سراہتے ہوئے انہیں جموں و کشمیر میں نچلی سطح کی سیکیورٹی کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔ انہوں نے وی ڈی جیز کو محب وطن محافظ قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ پارٹی ان کے جائز مطالبات حکومت کے سامنے بھرپور طریقے سے اٹھائے گی اور ملی ٹینسی سے پاک و محفوظ جموں و کشمیر کے مشن میں انہیں اہم شراکت دار سمجھتی ہے۔ڈاکٹر پردیپ مہوترا نے وی ڈی جیز کو دیہی سطح پر ’’پہلی دفاعی لائن‘‘ قرار دیا۔
ان کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث ہزاروں جانیں بچائی جا چکی ہیں او رملی ٹینٹوں اور ان کے سرپرستوں کے منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں۔وید شرما نے کہا کہ وی ڈی جی سیل، اراکین اور حکومت کے درمیان ایک منظم رابطہ پل کا کردار ادا کرتی ہے اور پالیسی میں موجود خلا، فلاحی امور اور سروس سے متعلق مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرم عمل رہے گی۔منیش کھجوریا نے زور دیا کہ وی ڈی جی سیل محض علامتی پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک فعال اور جوابدہ فورم ہے جو وی ڈی جی اراکین کے مسائل کے حل اور فلاح کے لیے مسلسل پیروی اور نمائندگی یقینی بناتا ہے۔وی ڈی جی اراکین کی نمائندگی کرتے ہوئے بسنت راج ٹھاکر نے کہا کہ اس وقت وی ڈی جیز کو ماہانہ 4 ہزار روپے اعزازیہ دیا جا رہا ہے، جو ناکافی اور غیر منصفانہ ہے، خصوصاً جب اس کے نتیجے میں بی پی ایل راشن کارڈ یا جاب کارڈ ضبط کر لیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ زیادہ تر وی ڈی جی اراکین کمزور معاشی طبقات سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے ان سہولیات کی منسوخی شدید مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خطرات اور ذمہ داریوں کے پیش نظر اعزازیہ بڑھا کر 18 ہزار روپے ماہانہ کیا جائے۔ٹھاکر نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے بعد ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو وی ڈی جیز میں تبدیل کیا گیا، تاہم کئی اہل اراکین کو شامل نہیں کیا گیا اور وہ مساوی خدمات انجام دینے کے باوجود اعزازیہ سے محروم ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وی ڈی جیز کو سختی سے اپنے ہی دیہات تک محدود رکھا جائے، اور اگر انہیں دیہات سے باہر یا زیادہ خطرناک حالات میں تعینات کیا جائے تو انہیں پولیس کانسٹیبلز کی طرح انشورنس کوریج فراہم کی جائے۔ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے تمام وی ڈی جی اراکین کو خودکار ہتھیار فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔