عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں و کشمیر بی جے پی کے سربراہ رویندر رینا نے پیر کو زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی 35سیٹیں حاصل کرکے خطے کی واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی اور ہم خیال اور آزاد امیدواروں کی مدد سے حکومت بنائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ پانچ ایم ایل ایز کی نامزدگی تنظیم نو کے قانون کے مطابق کی جارہی ہے۔رینا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا “ہمیں جموں و کشمیر میں 35سیٹیں جیتنے کا یقین ہے اور آزاد اور ہم خیال گروپوں کی حمایت سے، جو تقریباً 15سیٹیں حاصل کریں گے، ہم حکومت بنانے کے لیے 50کی اکثریت کا ہندسہ عبور کر لیں گے”۔انہوں نے کہا کہ “عوام نے ترقی اور امن کے لیے ہمارے وژن کی توثیق کرتے ہوئےہمیں ووٹ دیا ہے”۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی غیر معمولی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہے اور “ہماری پارٹی کے لیے زبردست عوامی حمایت، جس کا مظاہرہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے جلسوں میں بڑے ہجوم کے ذریعہ کیا گیا ہے، واضح طور پر یہ ظاہر کرتا ہے کہ لوگوں نے بی جے پی کو ووٹ دیا ہے”۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ان انتخابات میں “کرشنگ شکست” کا سامنا کرنا پڑے گا، جس سے بی جے پی واحد سب سے بڑی پارٹی بن جائے گی۔پارٹی کے اتحاد کے معاملے پرانہوں نے کہا کہ “بی جے پی نے 15آزاد اور ہم خیال امیدواروں کی حمایت کی ہے، لیکن انجینئر رشید کی پارٹی سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ (آزاد اور ہم خیال گروپ) جیتیںگے۔ہم جموں و کشمیر میں سب سے بڑی ووٹ لینے والی پارٹی ہونگے‘‘۔جموں و کشمیر اسمبلی کے لیے پانچ ایم ایل ایز کی نامزدگی پر انہوں نے کہا “پارلیمنٹ سے تنظیم نو کا ایکٹ پہلے ہی پاس ہو چکا ہے۔ یہ عمل اسی کے مطابق آگے بڑھے گا. یہ ایل جی آئینی عمل کے ایک حصے کے طور پر انجام دے گا”۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا نامزدگی کا عمل اگلی حکومت پر فیصلہ کرنے کے لیے چھوڑ دینا چاہیے تھا، انہوں نے کہا کہ “جو کچھ بھی ایل جی کر رہا ہے وہ قانون کے مطابق ہے۔ یہ تنظیم نو کے قانون کے مطابق کیا گیا ہے”۔