سرنکوٹ//سرنکوٹ کے دریائے سرن میں 2014میں آئے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوئے بیلہ پوٹھہ پل کی مرمت ابھی تک نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دریا عبور کرنے کے دوران شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ دریا میں آئے تاریخ کے بد ترین سیلاب کی وجہ سے کئی پل بہہ گئے تھے جبکہ اس دوران بیلہ پوٹھہ پل بھی دریا کی وجہ سے تباہ ہو گیا تھا لیکن اس کے بعد انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کی جانب سے پل کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی قدم ہی نہیں اٹھایا گیا جبکہ گزشتہ 7برسوں سے انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مقامی لوگ ،بالخصوص مریض اور سکولی طلباء پیدل دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔اس پل سے کلر کٹل ،دھڑا سموٹ ویگر دیہات سے تعلق رکھنے والی ہزاراوں کی آبادی ہر ایک موسم میں دریا عبور کررہی تھی تاہم اب مذکورہ عوام پیدل او ر ایک جھولے پل سے دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جلد ہی علاقہ میں برسات شروع ہو جائے گی جس کے دوران مذکورہ دریا کو عبور کرنے انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پل کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ ان کی پریشانی حل ہو سکے ۔