بڈگام+کپوارہ//مری پورہ بیروہ کی چار برس کی کمسن لڑکی جوکتوں کے حملے میں شدیدزخمی ہوگئی تھی ،چوبیس روزتک اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد اتوارکودم توڑ بیٹھی۔ادھر چھوٹی پورہ ہندوارہ میں گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا شہری زندگی کی جنگ ہار گیا۔بیروہ بڈگام سے ملحقہ مری پورہ کی 4 سالہ بچی پر 14 مئی کو کتے جھپٹ تھے اور وہ کتوں کے اس حملے میں شدید زخمی ہوگئی تھی۔اُسے مقامی لوگوں نے فوری طور اسپتال لیجایا جہاں سے اس بچی کو بچوں کے اسپتال جی بی پنتھ اسپتال ریفر کیاگیااوریہاں24 روز تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ بیٹھی۔پولیس کے اعلی حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بیروہ سے ملحقہ علاقہ مری پورہ میں گزشتہ ماہ 14 مئی کو آوارہ کتوں نے ماریہ اعجاز دختر اعجاز احمد ڈار پر بعد از دوپہر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا تھا، جسے فوری طور پر ضلع ہسپتال بڈگام لے جایا گیا جہاں سے اسے بچوں کے جی بی پنتھ ہسپتال سونوار سرینگر منتقل کردیا گیا جہاں 25 روز تک زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ بیٹھی۔بچی کی نعش جب گھر لائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی۔ادھر 65سالہ محمد رستم شیخ کو سنیچر کی شام ایک تیز رفتار گاڑی زیر نمبرJK05A/8430نے ٹکر ماردی تھی۔ خون میں لت پت شہری کو فوری طور پر ضلع ہسپتال ہندوارہ پہنچایاگیا ،جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک دیکھتے ہوئے اسے صدر ہسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں نے مذکورہ شہری کو بچانے کی کافی کوششیں کیں تاہم وہ بارآور ثابت نہیں ہوئیں اور اتوار کی صبح وہ زخموںکی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر178/2021درج کرکے کیس کی تحقیقات شروع کی ہے۔