جموں//چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ریاستی محکموں کے کام کاج میں بہتری لانے اور اہداف کو حاصل کرنے کیلئے دیانتدار اور قابل افرادی قوت کو بروئے کار لانے پر زور دیا ہے ۔اُنہوں نے مختلف انتظامی محکموں کے نوڈل افسران کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں کمشنر سیکریٹری جی اے ڈی ہلال احمد پرے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ انسانی وسائل کے فروغ کیلئے سرکار نے ملازمین کی صلاحیت سازی بڑھانے کے لئے منصوبے تشکیل دئے ہیں جن کی بدولت بہتر حکومت سازی کی گورنر انتظامیہ کے خواب کو شرمندئہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے ہر ایک محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہرایک محکمہ کو اپنا ایک مشن سٹیٹمنٹ تشکیل دے کر ہر ایک اہلکار کے لئے الگ الگ ذمہ داری سونپنی چاہئے تاکہ مختلف سطحوں پر کام کاج میں بہتری لائی جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ محکموں کے کام کاج میں بہتری لانے کے لئے ہر ایک محکمہ کو فوری طور گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ ملازمین کے سینیارٹی لسٹ تیار کرنے ، ریکروٹمنٹ قوانین کا موجودہ ضروریات کے مطابق جائزہ لینے اور محکمانہ ترقیاتی کمیٹیوں کی میٹنگوں کا جلد سے جلد انعقاد کرنا چاہئے ۔اُنہوں نے کہاکہ وہ اس بات پر کافی حیرت زدہ ہیں کہ ایک محکمہ نے گذشتہ چالیس برسوں میں ایک بار بھی ڈی پی سی کا انعقاد نہیں کیا ہے۔اُنہوں نے مختلف محکموں کو 2؍ دسمبر تک محکموں کی تشکیل نو اور ڈی پی سیز کے انعقاد کے حوالے سے رِپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔