جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے تقسیم ہند سے قبل موجود تاریخی ریلوے سٹیشن بکرم چوک کا دورہ کیا اور اس کی تعمیر نو کیلئے افسروں کو ایک مفصل پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ مشیر نے کہا کہ حکومت ہیری ٹیج ریلوے سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے بکرم چوک سے آ ر ایس پورہ تک ٹرام وے منی ٹرین شروع کرنے کے امکانات پر غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشن تاریخی اور ہیری ٹیج اہمیت کا حامل ہے اور اس کی تعمیر نو کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے افسروں کو بکرم چوک ریلوے سٹیشن کی عظمتِ رفتہ کو بحال کرنے کیلئے اس تاریخی ریلوے سٹیشن کی دستیاب تصاویر کا معائینہ کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے مفصل پروجیکٹ رپورٹ کی تیاری میں ریلوے حکام سے تکنیکی معاونت حاصل کرنے کیلئے کہا ۔ اگلے وقتوں میں سٹیم انجن ریل آر ایس پورہ سٹیشن میں سے گذر کر اپنی منزل بکرم چوک سٹیشن پہنچا کرتی تھی ۔ ناظمِ سیاحت جموں ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مبارک منڈی ہیری ٹیج سوسائیٹی اور ریلوے سے وابستہ افسران دورے کے دوران مشیر کے ہمراہ تھے ۔