منڈی//بڈھا امرناتھ یاترا کے حوالے سے پولیس کی طرف سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔آج دشنامی اکھاڑا پونچھ سے پوتر چھڑی یاترا منڈی بڈھا امرناتھ کیلئے روانہ کی جائے گی جس میں ریاست جموں کشمیر سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندان شرکت کریں گے ۔چھڑی یاترا پر حفاظتی انتظامات کے حوالے سے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ انہوں نے چھڑی یاترا کے حوالے سے حفاظت کے سخت انتظامات کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 جولائی سے بڈھا امر ناتھ یاترا کا آغاز ہوا تھا جس میں بیرون ریاست سے عقیدت مندوں نے 5 اگست تک بڈھا امرناتھ منڈی میں حاضری دی جس دوران پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے اور آج چھڑی یاترا کے لئے مزید پولیس ،فوج ،بی ایس ایف، سی آر پی ایف تعینات کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پوتر یاترا کو تین ایس ایس پیز کی نگرانی میں منڈی پہنچایا جائے گا اور سیکورٹی کے عمل کی نگرانی ڈی آئی جی پونچھ راجوری رینج اے کے سلاتھیہ کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے ۔ایس ایس پی کے مطابق دشنامی اکھاڑا سے بڈھا امر ناتھ منڈی تک حفاظت کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں اور یاترا کی پونچھ منڈی کی سیول سوسائٹی بھی نگرانی کررہی ہے۔