عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام//بڈگام ضلع کے موچھواعلاقے میں پولیس اور 53 راشٹریہ رائفلز کی طرف سے دیر رات کی گئی مشترکہ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے تین افراد کو گرفتار کیا اور گولہ بارود برآمد کیا۔ حکام نے اتوار کو بتایاکہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ملزمان کے قبضے سے 45 رائونڈ گولہ بارود برآمد کیا۔ گرفتار افراد سے مجموعی طور پر 45 رائونڈ برآمد ہوئے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ بازیابی پولیس سٹیشن بڈگام اور 53 راشٹریہ رائفلز کی طرف سے مشترکہ طور پر کئے گئے ایک مربوط آپریشن کے دوران رات گئے مخصوص اطلاعات کے بعد کی گئی۔بازیابی کے سلسلے میں، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کی دفعہ 18 اور 23 اور اسلحہ ایکٹ کی دفعہ 7 اور 25 کے تحت ایف آئی آر نمبر 08/2026 پولیس سٹیشن چاڈورہ میں درج کی گئی ہے۔ گولہ بارود اور کسی ممکنہ تعلق کا پتہ لگانے کے لیے معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔حکام نے کہا کہ یہ آپریشن علاقے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔