محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ بلنائی میں نابا متو زیارت تا مہرکوٹ سڑک کی تعمیر کے دوران حالیہ شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کو جنم دیا، جس کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سڑک کی تعمیر کے لیے تقریباً 1300 میٹر ارتھ کٹنگ کی گئی تھی، جس کے بعد بارشوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔مقامی ذرائع کے مطابق منظور ماگرے نامی ایک غریب شہری کا مکان لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، جبکہ دیگر کئی مکانات کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ افراد شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور مزید نقصان کے خدشات ظاہر کر رہے ہیں۔مقامی عوام نے محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) اور متعلقہ ٹھیکیدار پر سنگین لاپرواہی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران حفاظتی اقدامات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔
مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے قبل از وقت خطرناک مقامات پر گریٹ اور پروٹیکشن وال تعمیر کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم ٹھیکیدار نے اس اہم مشورے کو نظر انداز کیا، جس کے نتیجے میں آج عوام کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔اہلِ علاقہ کا مزید کہنا ہے کہ اس مسئلے کو متعدد بار تحصیل اور ضلع انتظامیہ کے نوٹس میں لایا گیا، مگر کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ عوام نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، جس کی وجہ سے حالات اس نہج تک پہنچ گئے۔مقامی لوگوں نے واضح کیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کے مخالف نہیں بلکہ انہوں نے سڑک کی تعمیر کے لیے اپنی زمینیں بھی فراہم کیں، مگر اس کے باوجود ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی نہیں بنایا گیا، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔عوام نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایک ماہر ٹیم علاقے میں بھیجی جائے جو سڑک کی تعمیر، لینڈ سلائیڈنگ اور حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لے۔ ساتھ ہی متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس حفاظتی اقدامات کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔بلنائی کے متاثرین انصاف اور بروقت کارروائی کے منتظر ہیں، جبکہ یہ واقعہ ترقیاتی منصوبوں میں حفاظتی تدابیر کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔