رام بن //چندر کوٹ کے مقام پر ریاستی پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عارضی ملازمین کی بھوک ہڑتال جمعہ کے روز بھی جاری رہی اس دوران مزید ایک ہڑتالی ملازم کی حالت خراب ہونے کے بعد اسے ہسپتال میں بھرتی کروایا گیا۔ اس سے قبل 5ہڑتالی ملازمین حالت بگڑنے کے بعد ہسپتال میں بھرتی کروائے گئے تھے، جہاں ان کی حالت میں سدھار آ گیا ہے ۔ ضلع ہسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ فاروق احمد ولد حسن دین ساکن راج گڑھ کو نیم بیہوشی کی حالت میں جمعہ بعد دوپہر ہسپتال بھرتی کروایا گیا تھا جہاں اس کا علاج چل رہا ہے تاہم ان کی حالت خطرہ سے باہر ہے ۔قابل ذکر ہے کہ پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں پچھلی قریب دو دہائیوں سے کام کرنے والے ڈیلی ویجر اور نیڈ بیس ورکر اپنی ملازمتوں کو مستقل کئے جانے کا مطالبہ کر کے سلسلہ وار بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ 14اکتوبر سے شروع کی گئی بھوک ہڑتال سے قبل وہ قریب ایک ماہ تک مسلسل احتجاج کرتے رہے لیکن جب ان کی مانگوں پر انتظامیہ اور کارپوریشن کیجانب سے کوئی دھیان نہیں دیا گیا تو انہوںنے چندر کوٹ میں قائم چیف انجینئر جموں کشمیر سٹیٹ پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے دفتر کے احاطہ میں بھوک ہڑتال شروع کر دی۔ اس دوران 5ہڑتالی ملازمین کی بھوک ہڑتال کے دوران حالت خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں ہسپتال بھرتی کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ڈویژنل کمشنر جموں کی رام بن آمد کے موقعہ پر مظاہرین نے نعرہ بازی کی اور اپنے مطالبات کو پورا کئے جانے کی مانگ کی ۔جب ڈی سی دفتر کے کمپلیکس میں میٹنگ چل رہی تھی تو ہڑتالی ڈیلی ویجر وہاں آ پہنچے اور ڈویژنل کمشنر سے مداخلت کی اپیل کی۔ یونین لیڈران نے انہیں ایک یادداشت پیش کی جس میں انہوں نے اپنے مسائل اور مانگوں کے بارے میں درج کیا ہے ۔