سری نگر//ٹریڈرز فیڈریشن بارہمولہ کے وفد نے سول سیکرٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان سے ملاقات کی اور ضلع سے متعلق متعدد ترقیاتی امور اور مطالبات اٹھائے ۔ تاجروں کی فیڈریشن نے اپنے صدر محمد اشرف گنائی کی سربراہی میں مشیر کو ضلع میں ان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مطالبات کی یاداشت پیش کی ۔ انہوں نے پرانے ضلع ہسپتال میں این ٹی پی ایچ سی کی تیزی سے تعمیر اور این ٹی پی ایچ سی کیلئے عملے کی سٹرینتھ کو بڑھانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے قصبے کیلئے پارکنگ سلاٹ اور پرانے قصبے بارہمولہ کیلئے ڈی کنجیشن پلان پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ ٹریڈرز فیڈریشن نے منی سیکرٹریٹ کی تعمیر نو اور سڑکوں ، گلیوں ، نکاسِ آب اسٹریٹ لائیٹس کے ذریعہ سول لائینز ایریا کو خوبصورت بنانے کا مطالبہ بھی کیا ۔ انہوں نے گلی فروشوں کی بازآباد کاری کی طرف بھی مشیر کی توجہ مبذول کروائی ۔ فیڈریشن نے عوامی اہمیت کے دیگر امور کے علاوہ گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کیلئے علیحدہ پانی کی فراہمی اور سرشار رسیونگ سٹیشن کا بھی مطالبہ کیا ۔ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر ایڈمنسٹریشن معاشرے کے تمام طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے پُر عزم ہے اور اس کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے ۔ مشیر نے انہیں غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے سارے معاملات اور مطالبات مرحلہ وار طور پر حل کئے جائیں گے ۔