بدھل کےلئے علیحدہ تعلیم زون قائم کرنے کا مطالبہ

کوٹرنکہ //بدھل کے مکینوں نے انتظامیہ اور محکمہ ایجوکیشن سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بدھل کو علیحدہ سے تعلیمی زون دیا جائے تاکہ محکمہ تعلیم کے نظام کو معیاری اعتبار سے چلایا جاسکے ۔اس سلسلہ میں پی ڈی پی لیڈر محمد فاروق انقلابی ،چیئر مین بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل بدھل شمیم اختر کی قیادت میں ایک وفد نے راجوری ضلع میں نئے تعلیمی زون کے قیام کے سلسلہ میں تشکیل دی گئی کمیٹی اراکین کےساتھ ملاقات کی ۔وفد میں شامل اراکین نے بدھل کو علیحدہ تعلیمی زون دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام کو مزید فعال بنانے کےلئے علاقہ کو نئے تعلیمی زون کے زیر تحت لایا جائے ۔وفد نے بتایا کہ تعلیمی زون کوٹرنکہ او ر خواص دو تحصیلوں ،پانچ نیابتوں اور ایک سب ڈویژن پر مشتمل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں 25سے 30کلو میٹر کا فاصلہ ہونے کی وجہ سے تعلیمی نظام معیاری اعتبار سے نہیں چل سکتا ۔انہوں نے کہاکہ جغرافیائی اعتبار سے بھی مذکورہ علاقوں کو یکساں کر کے زونل ایجوکیشن آفیسر کےلئے تعلیم کو فعال بنانا آسان نہیں ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بدھل کو علیحدہ تعلیمی زون قرار دیا جائے ۔اس وفد میں بشر احمد چشتی ،منظور احمد ،محمد رفیق شوہان ،رنجیت سنگھ و دیگران بھی شامل تھے ۔