سرینگر//جموں کشمیر کے عوام اس وقت گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں اور نوجوان نسل میںانتہائی مایوسی اوربددلی کے بھنور میں ہے۔اس بات کااظہارنیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبداللہ نے ضلع بارہ مولہ کے سات پنچایت حلقوں کے انچارجوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلسل بے چینی اور غیر یقینیت نے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کردیاہے ، بھرتی عمل پر مسلسل بریک لگائے جانے سے ہزاروں کی تعداد میں یہاں کے نوجوان عمر کی حد کو پار کرگئے ہیں جس کی وجہ سے نئی نسل کو اپنا مستقبل مخدوش نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نوجوان نسل کس قدر مایوسی کی شکار ہوگئی ہے۔ یہ ایک تشویشناک رجحان ہے اور اس کا سدباب کرانے کیلئے تمام سطحوں پر ٹھوس اور کارگر اقدامات اُٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے پہلے سے ہی مشکلات سے دوچار جموں وکشمیر کے عوام پر زبردست منفی اثرات مرتب کئے ہیں ، یہاں کے بیشتر طبقوں کی اقتصادی حالت انتہائی خستہ ہوگئی ہے اور ایسے میں ایک جامع منصوبے کی اشد ضرورت ہے جو زمینی سطح پر حقیقی معنوں میں لوگوں کی راحت کا سبب بنے۔ عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ اس مشکل دور میںعوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مشکلات کا ازالہ اور ہرحال میں مدد کیلئے پیش پیش رہیں، جو ہماری پارٹی کا اولین منشور رہاہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری ممبرشپ میں سرعت لانے پر زور دیا اور شرکاء کو پارٹی اور قیادت کی مضبوطی کیلئے کام کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا لائحہ عمل عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہمیں ہر حال میں اس لائحہ عمل میں چلنا ہوگا۔ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے تنظیمی پروگراموں اور پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی ۔