راجوری//راجوری پاور سٹیشن میں 50ایم وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب بہت جلد ہونے جارہی ہے جس سے لوگوں کی دیرینہ مانگ شرمندہ تعبیر ہوگی ۔اس ٹرانسفارمر کو راجوری پہنچادیاگیاہے جسے اب آئندہ تین سے چار ہفتوں میں نصب کرکے چالو کردیاجائے گا۔اس ٹرانسفارمر کی تنصیب سے ضلع میں بجلی کے نظام میں بہتری آنے کی امیدیں لگائی جارہی ہیں ۔محکمہ بجلی کے ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ اس وقت ٹھڈی پاور سٹیشن راجوری میں 20میگاواٹ کا ٹرانسفارمر نصب ہے جو بجلی کے لوڈ کو برداشت نہیں کرپارہاتھا اوریہی وجہ ہے کہ باربار کٹوتی کرناپڑتی تھی ۔ذرائع کاکہناہے کہ یہاں پچاس میگاواٹ ٹرانسفارمر کی تنصیب دیرینہ مانگ تھی جس کو حال ہی میں حکومت نے پورا کیاہے اور راجوری کیلئے ٹرانسفارمر کو منظوری دی گئی جس کے بعد اب یہ ٹرانسفارمر یہاں پہنچ بھی گیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ٹرانسفارمر دو ماہ قبل ہی یہاں لایاجاتالیکن بدقسمتی سے جموںسے راجوری آتے ہوئے حادثہ ہوگیا جس کی وجہ سے اس کو نقصان پہنچااور پھرمرمت کرانے کیلئے بیرون ریاست بھیجاگیا جہاںسے واپس آتے آتے اس عمل میں تاخیر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ پچاس میگاواٹ کا ٹرانسفارمر گزشتہ شام راجوری پہنچ گیا جسے کئی پہیوں والی گاڑی کے ذریعہ پاور اسٹیشن ٹھڈی نزد جواہر نگر راجوری پہنچایاگیا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ محکمہ کے سسٹم اور آپریشن ونگ نے اس ٹرانسفارمر کی تنصیب کا عمل شروع کردیاہے اور اگر سب کچھ ٹھیک چلتارہاتو پھر اگلے تین سے چار ہفتوں میں یہ کام کرنا شروع کردے گا۔رابطہ کرنے پر محکمہ بجلی کے سسٹم و آپریشن ونگ کے ایگزیکٹو انجینئر مقبول حسین نے بتایاکہ ٹرانسفارمر کی تنصیب کیلئے بیس سے پچیس دن لگیںگے ۔وہیں ممبر قانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے اس کیلئے حکومت ، وزیر اعلیٰ ، نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مملکت برائے بجلی کا شکریہ ادا کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سے نیٹ ورک بہتر ہوگا اور بجلی کٹوتی پر قدغن لگے گی۔