راجوری //راجوری کے ڈگانی علاقے میں ایک وی ڈی سی کارکن نے بندوق کی گولی اپنے ہی بیٹے پر چلادی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہواہے ۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی سہ پہر کسی معاملے پر 48سالہ راجیو سنگھ جو پولیس میں ہیڈ کانسٹبل ہے ، کو اس کے والد اجیت سنگھ نے اپنی وی ڈی سی بندوق سے گولی ماردی جو اس کے جسم کے اوپری حصے پر لگی ۔ اس واقعہ کے فوری بعد راجیو سنگھ کو ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں اسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیاگیاہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد راجوری سے پولیس کی ایک ٹیم ایس ایچ او اجے چب کی قیادت میں علاقے میں پہنچی اور اس نے اجیت سنگھ کو گرفتار کرلیاہے جس نے بیٹے پر گولی چلائی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اس دوران وی ڈی سی بندوق 303بھی ضبط کرلی گئی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر 472/2017زیر دفعات 307 RPC, 3/25آرمس ایکٹ کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلاہے کہ زمین کے تنازعے پر لڑائی ہوئی اور باپ نے بیٹے کو گولی ماردی ۔