عازم جان
بانڈی پورہ //بانڈی پورہ ضلع کی دوردراز پہاڑی بستی لاوے پورہ گجر بستی میں سرکار نے کاہچرائی رقبہ پر کھیل کا میدان تعمیر کرکے کھیل کود کیلے وقف رکھا لیکن مقامی لوگوں نے اس پر قبضہ جما لیا ہے۔ لاوے پورہ گجر بستی کے ایک عوامی وفد نے منی سیکرٹریٹ کے احاطے میں بتایا کہ لاوے پورہ پہاڑی بستی میں پسماندہ گجر طبقے کی وسیع آبادی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہاں کاہچرائی رقبہ پر تین سال قبل کھیل کا میدان خطیر رقم خرچ کرکے تعمیر کیا گیا، جس سے مقامی اور دوردراز سے نوجوان کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے۔انکا کہنا تھا کہ چند مفاد پرست باشندوں نے سینہ زوری کرکے اس کھیل کے میدان پر قبضہ جما لیا ہے اور بچوں و نوجوانوں کو کھیلنے سے محروم رکھا گیا ہے ۔سراپا احتجاج وفد نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سے مطالبہ کیاہے کہ کھیل کے میدان سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے۔