یو این آئی
نئی دہلی//نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑنے کہا ہے کہ جمہوری سیاست بات چیت سے پروان چڑھتی ہے اور بات چیت کے بغیر اظہار رائے نامکمل ہے۔یہاں بھارتیہ ودیا بھون کیمپس میں نند لال نیول انڈیا اسٹڈی سینٹر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دھنکڑ نے کہا کہ جمہوری سیاست بات چیت سے پروان چڑھتی ہے۔ اظہار خیال اور مذاکرات جمہوریت کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اظہار رائے کا حق نہیں ہے تو ہم جمہوریت میں رہنے کا دعوی نہیں کر سکتے اور بات چیت کے بغیر اظہار رائے نامکمل ہے۔نائب صدر نے کہا کہ بات چیت کا فقدان تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔ مذاکرات کا فقدان جمہوری اداروں کے لیے موت کی گھنٹی بن سکتا ہے۔ مختلف نقط نظر پر غور کرنا جمہوریت کا امر ہے۔ جمہوریت خوف اور تضحیک سے پاک جامع مکالمے کے ذریعے پروان چڑھتی ہے۔ دھنکڑ نے کہا کہ ہماری ہندوستانی ثقافت پر ایک نظر ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ بات چیت ہی مسائل کے حل کا مرکز ہے۔ ہمارے صحیفے اور تاریخ اس بات پر زور دیتی ہے کہ بات چیت تنازعات کو حل کرتی ہے اور معاشرے کو برقرار رکھتی ہے۔