ایشیائی ترقیاتی بنک حکام کے ساتھ میٹنگ

جموں//پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی اور مونیٹرنگ روہت کنسل نے ایشیائی ترقیاتی بنک کے ایک وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی۔وفد کی قیادت اتوسوسی کانیکو کر رہے تھے اور اس میں بنک کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے اے ڈی بی کے وفد کے ارکان کے ساتھ جاری اور مستقبل کے پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وفد نے روہت کنسل کو اپنے ریاست کے دورے کے بارے میں جانکاری دی۔ٹیم نے اے ڈی بی معاونت والے ترقیاتی پروجیکٹوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا۔روہت کنسل نے ریاست میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے اے ڈی بی کے رول کی سراہنا کی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ای آر اے کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی تا کہ جاری پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے مختلف محکموں پر زور دیا کہ وہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھیں۔واضح رہے کہ اے ڈی بی کی ٹیم نے26 نومبر سے29 نومبر تک ریاست کا چار روزہ دورہ مکمل کیا۔دورے کے دوران ٹیم نے ترقیاتی پروجیکٹوں بشمول جے کے یو ایس ڈی آئی پی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا جن میں جہانگیر چوک۔ رام باغ فلائی اؤر، ٹی آر سی سرینگر میں گریڈ سیپریٹر، اتھواجن میں ڈرنیج پروجیکٹ، جموں میں واٹر سپلائی پروجیکٹ اور کئی دیگر پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔ٹیم نے سرینگر میں ای آر اے کی طرف سے27 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے جدید کار پارکنگ کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے جے کے ای آر اے اور دیگر منسلک محکموں کے اعلیٰ افسروں کی ایک میٹنگ منعقد کر کے جے کے آئی ڈی پی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کا بھی جائیزہ لیا۔ڈائریکٹر ای آر اے شوکت وانی نے ٹیم کو ای آر اے کی طرف سے جہانگیر چوک۔ رام باغ فلائی اؤر اور واٹر ڈرنیج پروجیکٹ اتھواجن کی عمل آوری میں سرعت لانے کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔