یواین آئی
تہران//ایران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس کو سزائے موت دے دی گئی، مجرم نے حساس مقامات کی تصاویراور معلومات موساد کودیں۔تفصیلات کے مطابق ایرانی عدلیہ نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی ‘موساد’ کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک مجرم کو سزائے موت دے دی، مجرم پر حساس سرکاری تنصیبات کی تصاویر اور اہم معلومات دشمن ملک کی ایجنسی کو فراہم کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔ایرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس جاسوس کو گزشتہ سال جون میں تہران کے قریبی علاقے ‘ساوجبلاغ’ سے ایک خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے 30 ہزار یورو نقد اور جدید ترین جاسوسی آلات برآمد ہوئے تھے۔ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ مجرم کو موساد نے یورپ میں بھرتی کیا تھا، جہاں اسے مختلف یورپی دارالحکومتوں میں دو سال تک جاسوسی کی خصوصی تربیت دی گئی۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ تربیت مکمل ہونے کے بعد اسے مخصوص مشن پر ایران بھیجا گیا تھا جہاں وہ حساس مقامات کی نگرانی میں مصروف تھا۔