عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں میں لائن آف کنٹرول پر ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے دو فوجیوں کو خراج پیش کرنے کیلئے انڈین ایئر فورس سٹیشن پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس دوران دونوں اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔کیپٹن کرم جیت سنگھ اور نائیک مکیش سنگھ گذشتہ روز منگل کو جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب آئی ای ڈی دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے۔تقریب میں جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا سمیت دیگر اعلیٰ فوجی حکام بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل سچدیوا نے دونوں سپاہیوں کی جسد خاکی پر گلہائے عقیدت پیش کی اور قوم کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے پر انہیں بھرپور خراج پیش کیا۔ نوین سچدیوا نے تعزیتی تقریب کی قیادت کی۔ جھارکھنڈ کے رانچی سے تعلق رکھنے والے کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی اور جموں و کشمیر کے سانبہ سے تعلق رکھنے والے نائیک مکیش سنگھ منہاس کو تقریب کے دوران فوج کی جانب سے بھرپور خراج پیش کی گئی۔ بعد میں دونوں بہادر فوجیوں کے جسد خاکی کو ان کے آبائی مقامات کو روانہ کیا گیا۔کیپٹن کرمجیت سنگھ اور نائیک مکیش سنگھ منہاس ایک گشتی یونٹ کا حصہ تھے جو اکھنور سیکٹر میں تعینات تھے، دوران گشت ایک آئی ای ڈی دھماکہ میں دونوں ہلاک ہوگئے۔
ملی ٹینسی کی کوئی کارروائی ناقابل برداشت:ست شرما
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کنٹرول لائن کے قریب 2فوجیوں کی قیمتی جانیں لینے والے مہلک ملی ٹینسی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما نے کہا کہ پڑوسی بدمعاش ملک کی ایماء پر ہندوستانی سرزمین پر ہونے والے حملوں کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک، جو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہے،ملی ٹینسی کی کارروائیوں پر انحصار کرنے سے پہلے اس بات پر توجہ مرکوز کرے کہ اپنے معصوم شہریوں کو کیسے کھلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینسی کو ریاستی پالیسی کے طور پر اپنانا اس ملک کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جائے گا۔شہید فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ست شرما نے زور دیا کہ بہادروں نے عظیم قربانی کی داستان لکھی ہے، اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔شرما نے کہا کہ مودی حکومت ملی ٹینسی کی کارروائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ یہ ’نیشن فرسٹ‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور سرحدوں کے پار سے دشمن کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لینے کے لیے آہنی مٹھی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر اصرار کیا کہ مضبوط افواج کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بیرونی اور اندرونی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیتیں رکھتی ہیں، ساتھ ہی اس بات پر اصرار کیا کہ انہیں مودی حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور کسی بھی طاقت کو بھارت کی خودمختاری، سالمیت یا پرامن وجود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔
منجیت سنگھ کافوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس | مکیش سنگھ منہاس کے سوگوار خاندان سے ملاقات
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر سردار منجیت سنگھ نے بدھ کے روز نائیک مکیش سنگھ منہاس کے سوگوار خاندان سے ملاقات کی، جو کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی کے ساتھ اس وقت شہید ہو گئے تھے، جب مبینہ طور پر لائن آف کنٹرول کے پار سے ملی ٹینٹوںکی طرف سے نصب ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کل بھنو کے فارورڈ سیکٹر میں پھٹ گیا تھا۔ منجیت سنگھ کے ساتھ پارٹی کے ضلع یوتھ صدر سامنا، منگت رام بھی تھے۔ منجیت سنگھ نے سانبہ ضلع کے اتربھنی علاقے کے بری کمیلا گاؤں میں منہاس کے سوگوار خاندان سے ملاقات کی۔ انہوں نے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گہری تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بھارت میں ملی ٹینسی کی سرپرستی کرنے پر پاکستان کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا، “مجھے آئی ای ڈی دھماکے میں دو فوجی افسران کے نقصان سے بہت دکھ ہوا، جسے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے پار سے ملی ٹینٹوں نے نصب کیا تھا۔ اپنی پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں ان شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔ میں جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو ہوا دینے میں پاکستان کے کردار کی بھی شدید مذمت کرتا ہوں۔