سمت بھارگو
جموں//سیکورٹی فورسز نے جمعہ کے روز جموں کے آر ایس پورہ میں ہندوستان پاکستان بین الاقوامی سرحدکے ساتھ علاقے پر تسلط کیلئےمشترکہ گشت کیا۔مشترکہ گشت ارنیا – آر ایس پورہ سیکٹر میں آئی بی کے ساتھ کیاگیاہے۔ایک سرکاری بیان میں، پولیس نے کہا کہ جموں پولیس اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی ٹیموں نے مذکورہ سیکٹر میں ہند پاک سرحد کے ساتھ گشت کی یہ مشترکہ مشق کی۔ایس پی ہیڈکوارٹر جموں نے 7ویں بٹالین بی ایس ایف، 120 بٹالین بی ایس ایف اور 165ویں بٹالین بی ایس ایف کے افسران کے ساتھ سب ڈویژن آر ایس پورہ کے پولیس افسران، انچارج بارڈر پولیس پوسٹ اگراچک، ایس ایچ او آر ایس پورہ، ایس ڈی پی او آر ایس پورہ نے گشت کی سخت مشق میں حصہ لیا۔پولیس نے سرکاری بیان میں کہا کہ مشق کا مقصد ضلع جموں اور خاص طور پر سب ڈویژن آر ایس پورہ میں پڑنے والی بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے ساتھ سیکورٹی کی تیاریوں اور اسٹریٹجک مقامات کا جائزہ لینا تھا۔پولیس نے مزید بتایا کہ ٹیم نے علاقے میں ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنے کے لیے نالوں، پلوں اور نہروں کا بھی معائنہ کیا۔پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس-عوامی تعاون کو بڑھانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معلومات کے بروقت اشتراک کی حوصلہ افزائی کے لیے مقامی باشندوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔مشق کے دوران، افسران نے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور ان سے کہا کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے زیادہ چوکس اور محتاط رہیں۔ضلع جموں، سب ڈویژن آر ایس پورہ میں بارڈر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیکورٹی کے حوالے سے مختلف پیرامیٹرز اور اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔