بڈگام// سوزیٹھ نارہ بل اور نارکرہ میں آتشزدگی کی الگ الگ وارداتوں میں2 رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے ۔ناربل کے ملحقہ علاقہ سوزیٹھ میں 3:30بجے رات فیاض احمد بٹ اور غلام محمد بٹ پسران غلام قادر کے مشترکہ رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی ۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی جنہوں نے آگ کو مزید پھیلنے پر قابو پالیا تاہم رہائشی مکان اور اس میں موجود لاکھوں روپے کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔آگ بجھانے کے دوران دو مقامی افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت شوکت احمد بٹ اور عبدالاحد بٹ کے طور پر ہوئی ہے۔جن کو علاج معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر آتشزدگی کی ایک اور واردا ت نارکرہ بڈگام میں پیش آئی جہاں علی الصبح پانچ بجکر دس منٹ پر عبدالرحمان پال ولد عبدالصمد کے دو منزلہ رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آگ کی واردات میں دو منزلہ عمارت اور اس میں موجود مال واسباب خاکستر ہوگیا۔