سمت بھارگو
راجوری//جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سینی ٹوٹی نے سرحدی ضلع راجوری کا دورہ کر کے پولیس کی آپریشنل تیاریوں اور انتظامی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق آئی جی پی نے ضلع ہیڈکوارٹر راجوری میں ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیکورٹی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پولیس کی تیاریوں، موجودہ چیلنجز اور مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ آئی جی پی نے آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ انتظامی نظام کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے مختلف امور پر بریفنگ حاصل کی۔
انہوں نے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے اور ہمہ وقت چوکسی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج سندیپ وزیر، ایس ایس پی راجوری گورو سِکروار سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس ایس پی اور ڈپٹی ایس ایس پیز نے بھی مختلف امور پر آئی جی پی کو تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی سے انجام دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔