عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیربرائے تعلیم ، سماجی بہبود اور صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے سیول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے آئندہ بورڈ اِمتحانات کے اِنتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعلیم شانت منو، چیئرمین جے کے بی او ایس اِی، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر اور ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں، تمام اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیز، پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگراہ شکھشا، سپیشل سیکرٹری سکولی تعلیم محکمہ، سیکرٹری جے کے بی او ایس اِی، ایس ایس پی ٹریفک رورل/نیشنل ہائی وے، ایس ایس پی ٹریفک سٹی سری اور جموں، تمام اَضلاع کے سی اِی اوز اور دیگر متعلقہ اِفسران نے ذاتی طور پر یا بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ کہ وہ اِمتحانی مراکز کے اندر اور اس کے آس پاس طلبأ کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے طلبأ کی سہولیت کے لئے اِمتحانی مراکز میں مناسب روشنی ، بیٹھنے کے اِنتظامات اورگرمائش کی سہولیات جیسی تمام ضروری سہولیات قائم کرنے کی ہدایت دی۔سکینہ اِیتو نے کہا،’’ہمارا بنیادی مقصد اِمتحانی عمل کوآسان اور منصفانہ بنانا ہے۔ محکمہ، ضلعی اِنتظامیہ اور دیگر شراکت داروںکو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے نوجوان طلبأ کے بہترین مفادات کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کئے جائیں۔‘‘انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیز پر زور دیا کہ وہ اِمتحانی عمل کی سا لمیت کو برقرار رکھنے کے لئے اِمتحانی مراکز کے اندر اور اس کے آس پاس سخت حفاظتی پروٹوکول قائم کرنے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے اُن سے کہا کہ اِمتحانی مراکز پر مناسب عملہ تعینات کرنے کریںاور اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبأ اور عملے کے علاوہ کسی کو بھی اِمتحانی مراکز کے اندر جانے کی اِجازت نہ دی جائے۔ اُنہوں نے ایس ایس پیز سے موبائل فلائنگ سکارڈ کی تشکیل کے لئے بھی ہدایت دی تاکہ کسی بھی قسم کی بد عملی کو روکنے کے لئے حفاظتی اَقدامات پر مناسب عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر موصوفہ نے امتحانی عمل کے احسن اِنعقاد کے لئے دیگر اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سی اِی اوز پر زور دیا کہ وہ اِمتحانی عمل کی درست نگرانی کے لئے اَپنے متعلقہ اَضلاع میں مشترکہ کنٹرول روم قائم کریں ۔اُنہوں نے سی اِی اوز کو ہدایت دی کہ وہ پورے عمل کے دوران اَپنے گرائونٹ سٹاف کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔اُنہوں نے دوران میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ سیکورٹی فورسز کے قافلے کی آواجاہی کے دوران شاہراہوں پر طلبأ کو سہولیت فراہم کی جائے۔ اُنہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس قافلے کی آواجاہی کے دوران طلبأ کے ایڈمٹ کارڈ کو پاس سمجھا جائے۔ سکینہ اِیتو نے میٹنگ میں ایس اِی ڈِی کے اَفسران کو بھی ہدایت دی کہ وہ اِمتحانات کے احسن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی اور ضلعی سطح پر اِنسپکشن سکارڈ تشکیل دیں۔ دورانِ میٹنگ چیئرپرسن جے کے بی او ایس اِی نے وزیرموصوفہ کو اِمتحانات کی تیاریوں اور ان بورڈ اِمتحانات کے احسن اِنعقاد کے لئے بھیجے گئے مواد کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔