نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے شہریوں کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے تناظر میں وادی میں سیکورٹی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 5 دنوں میں کم از کم 7 شہری اسلحہ برداروں کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر امن و امان کی موجودہ صورتحال اور وادی کشمیر میں حملوں کو روکنے کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیں گے۔ مرکزی وزارت داخلہ ، خفیہ ایجنسیوں اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے اعلی حکام کی میٹنگ میں شرکت متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو ایک اعلی سطحی اجلاس میں شاہ کو جنگجوئوں کے تازہ اہداف کے بارے میں بریفنگ دی گئی کہ وہ نرم اہداف پر حملے کرتے ہیں اور سیکورٹی سخت کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں۔
شاہ نے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔مرکزی حکومت پہلے ہی انٹیلی جنس بیورو کے ایک اعلی عہدیدار کو سرینگر روانہ کر چکی ہے تاکہ وہ جنگجو مخالف کارروائیوں کو مربوط کر سکے۔ یاد رہے کہ پچھلے پانچ دنوں میں ہلاک ہونے والے 7 میں سے چار کا تعلق اقلیتی برادریوں سے تھا اور چھ اموات سرینگر میں ہوئیں۔سرینگر میں عیدگاہ کے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول کی پرنسپل سپندر کور اور دیپک چند کو صبح 11.15 بجے سکول کے احاطے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔واقعہ کے وقت سکول میں کوئی طالب علم نہیں تھا۔معروف کشمیری پنڈت اور سرینگر کی مشہور فارمیسی کے مالک مکھن لال بندرو کو منگل کے روز ان کی دکان پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ایک 'چاٹ' فروش ، بہار کا وریندر پاسوان ، اور ایک اور شہری ، محمد شفیع لون ، بھی منگل کو بالترتیب سرینگر اور شاہ گنڈ حاجن میں مارے گئے۔ہفتے کے روز سرینگر میں ماجد احمد گوجری اور بٹہ مالو میں محمد شفیع ڈار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں اب تک مجموعی طور پر 28 شہری ہلاک ہوئے۔ہلاک ہونے والے 28 افراد میں سے پانچ افراد مقامی ہندو یا سکھ برادری اور دو غیر مقامی ہندو مزدور ہیں۔عہدیداروں نے کہا کہ اسلحہ برداروں نے غیر مسلح پولیس اہلکاروں ، بے گناہ شہریوں ، سیاستدانوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ایسے تمام معاملات میں جنگجوپستول استعمال کرتے رہے ہیں جسے وہ آسانی سے لے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے زیادہ تر کارروائیاں نئے بھرتی ہونے والے دہشت گردوں یا جو دہشت گردوں کی صف میں شامل ہونے والے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال اب تک سیکورٹی فورسز پر 71 اور عام شہریوں پر 26 حملے کئے گئے ہیں۔2020 میں ، مجموعی طور پر 105 حملے ہوئے ، جن میں 80سکیورٹی فورسز پر اور 25 عام شہریوں پرکئے گئے۔