انجم ہمدانی
سرنکوٹ//ضلع یوتھ سروسز سپورٹس آفیسر پونچھ مول راج اتم کی ہدایت پر زیڈ ای پی او بفلیاز محمد حنیف کھولی کی نگرانی میں کھیل مقابلوں کا دوسرا دن لڑکوں کی انڈر 17انٹر سکول زون لیول مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ تمام مقابلے فضل آباد ہائی سکول میں ہوئے۔ ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی ہیڈ ماسٹر ہائی سکول فضل آباد خادم حسین تھے ۔اس ٹورنامنٹ میں 170طلباء نے شرکت کی۔ کھیلوں میں والی بال، کبڈی، کھو کھو، شطرنج ،کیرم بورڈ اور بیڈمنٹن شامل تھے جس میں 47ٹیموں نے حصہ لیا۔ بیڈمنٹن فائنل میں لڑکوں کی انڈر 17کا فائنل میچ ہائی سکول سانگلہ بنام ہائی سکول فضل آبادکھیلا گیا جس میں ہائی سکول سانگلہ نے جیت درج کرائی۔ شطرنج کا فائنل مقابلہ ہائیر سیکنڈری چندی مڑھ بنام ہائی سکول سانگلہ کھیلا گیا جس میں ہائیر سیکنڈری چندی مڑھ نے جیت حاصل کی۔ کیرم بورڈ کا فائنل ہائی سکول وانڈ منہاساں بنام ہائی سکول ترانوالی کے درمیان کھیلا گیا جس میں ہائی سکول وانڈ منہاساں نے جیت حاصل کی ۔والی بال فائنل میں ہائی سکول فضل آباد اورہائر سیکنڈری گونتھل کے درمیان کھیلا گیا جس میںفضل آباد نے جیت حاصل کی اور کھوکھو فائنل مقابلہ ہائی سکول فضل آباد بنام ہائی سکول سانگلہ ہوا جس میں ہائی سکول سانگلہ نے جیت حاصل کر لی۔