راجوری //خوراک، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے حبی میں انس آبپاشی نہر کے کام کا آغاز کیا۔ یہ پروجیکٹ جس پر 85.57کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ،مکمل ہونے پر 5000ایکڑ اراضی کو آبپاشی کی سہولیت فراہم کرے گا۔اس موقعہ پر وزیر کو آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کے افسروں نے پروجیکٹ کے خدو خال کے بارے میں مطلع کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ کی بدولت 6300 کنبے آبپاشی کی سہولیت سے مستفید ہوں گے جن میں دھار سکری، پیری، کوٹ دھارا ،جکھروٹ ، سنکاری ،بنڈی ،ترکاسی،میرا نگروٹہ ،لاڈوت، کلال کاس ، ڈانگری ، لنکا بن، سارانوں اور بلجاراران دیہات شامل ہیں۔اس موقعہ پر وزیر نے پروجیکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ 6.9کلومیٹر نہر کی تعمیرکو 30مہینوں کے اندر مکمل کریں۔ ذوالفقار نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کے لئے 44کروڑ روپے کا گرانٹ منظور کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ حلقہ انتخاب درہال میں 800 کروڑ روپے لاگت والے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جن میں میڈیکل کالج ،راجوری۔ کوٹرنکہ، راجوری ۔ درہال ،کوٹرنکہ ۔خواس اور کوٹرنکہ۔ بدھل سڑک رابطے ، کھیل کے میدان ،انڈور سٹیڈیم اور 100سکول عمارات شامل ہیں۔اس سے قبل وزیر نے پتلی قلعہ کے ایکو ٹورازم پارک کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔وزیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری،چیف انجینئر اری گیشن ، فلڈ کنٹرول جموں پی این بالی ،ایس ای رفیق خان، ایگزن پی ایچ ای نثار خان، سی ای او لال حسین و دیگر ضلع افسران تھے۔