جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری اور تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے انجینئر نگ اور انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں اختراعی رجحان پر منعقدہ پانچویں نیشنل کانفرنس میں شرکت کی جس کا انعقاد گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جموں اور انڈین انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی کھرگپور نے مشترکہ طور کیا تھا۔اس موقعہ پر الطاف بخاری نے بحیثیت مہمان خصوصی جبکہ پریا سیٹھی مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے آغاز پر آئی آئی ٹی کھرگپور کے سینئر فیکلٹی پروفیسر ایس ایس پھاٹک ، اے ٹی ایم ، پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا شفاعت احمد اور ای ای ایس ایل کے نمائندے منو منڈگل نے انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں نیا پن لانے کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔جی سی ای ٹی ، انجینئرنگ کالجز آف بی جی ایس بی یو اور ماتا ویشنوی دیوی یونیورسٹی کے طلاب نے اس موقعہ پر تیار کئے گئے سائنسی ماڈل نمائش کے لئے لگارکھے تھے۔وزراءنے ان طلاب کی کاوشوں کی سراہتے ہوئے اُن کی سائنسی سرگرمیو ں میں گہری دلچسپی دکھائی۔قانون ساز اسمبلی کے ممبر ٹنگمر گ عباس وانی ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں رویندر سنگھ ، نوڈل پرنسپل جی جی ایم سائنس کالج ستندھر سنگھ ، پرنسپل میز بان کالج ڈاکٹر سمیر و شرما اور دیگر فیکلٹی ممبران اس موقعہ پر موجود تھے۔پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا جموں اینڈ کشمیر ، پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالاجیکل ڈیولپمنٹ وِنگ آف ڈیفنس منسٹری ، جے کے ای ڈی اے ،این آئی ای ایل آئی ٹی اور چند نجی کمپنیوں نے اس موقعہ پر اپنے سٹال لگائے تھے تاکہ لوگوں کو انجینئرنگ شعبے میں خاطر خواہ ترقی کی جھلک پیش کی جاسکے۔