پونچھ//لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ جموں کشمیر کے افسران کی ایک خصوصی ٹیم نے کمشنر سکریٹری ٹرانسپورٹ کی قیادت میں پونچھ کا دورہ کر کے کووڈ19کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس دورہ کے دوران انہوں نے ڈاک بنگلہ پونچھ کے کانفرنس ہال میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت، اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی،چیف میڈیکل افسر پونچھ غلام حسین کے علاوہ محکمہ صحت اور دیگر محکمہ جات کے افسران موجود رہے۔اس دوران پاور پوائنٹ پرزینٹیشن کے ذریعہ ضلع پونچھ میں محکمہ صحت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی ایک رپورٹ پیش کی گئی جب کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور سی ایم او پونچھ نے بھی افسران کو مفصل جانکاری فراہم کی بعد از اں محکمہ صحت کو مزیدفعال بنائے جانے کے لئے کیا کیا جا سکتا ہے اس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے فورا بعد تمام افسران نے ضلع ہسپتال پونچھ کا دورہ کر کے وہاں کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو اہم ہدایات دی۔جموں کے افسران کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے کمشنر سکریٹری ٹرانسپورٹ /محکمہ انتخاب نے بتایا کہ انہوںنے دور دراز اور سرحدی ضلع کا دورہ کیا ہے تاکہ یہاں کوڈ انیس کے چلتے لوگوں کو آرہی پریشانیوں کی جانکاری حاصل کی جا سکے اور محکمہ صحت کومزید فعال بنانے کے لئے کیا کیا جا سکتا ہے اس حوالے سے بھی افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انھوں نے سب کچھ نوٹ کیا ہے کوشش کریں گے کہ اس وبائی دور میں لوگوں کو ہر طرح کی سہولت اپنے ہی ضلع میں دستیاب کی جائیں۔