جموں// وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے قبائلی تمدن کو محفوظ رکھنے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے ۔ یہاں امور قبائل محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں وکشمیر مختلف تہذیبوں اور تمدنوں کا گہوارہ رہا ہے اور انہیں محفوظ رکھنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوںنے خصوصی سب پلان کے تحت قبائلی ترقیاتی کاموں کے لئے مزید رقومات فراہم کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تعلیمی ، طبی و دیگر ترقیاتی ضروریات میں بہتری لائی جاسکے ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ حکومت کے کسی بھی ادارے کی طرف سے قبائلی کے کسی بھی ممبر کو ہراساں نہ کیا جائے جب تک ایک رسمی ٹرائب پالیسی مرتب نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ ان کے رہائشی جگہوں کا تعین کرنے کے مشکل ترین کیسوں میں محکمہ قبائلی امور کو پہلے ہی اعتماد میں لیا جانا چاہیئے۔میٹنگ میں پلوامہ میں گجر بکروال ہوسٹل قائم کرنے ، سرینگر میں گرلز ہوسٹل کے لئے اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ میٹنگ کو بتایا گیا کہ سرینگر اور جموں کو دو ٹرائبل مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے محکمہ قبائلی امو رکے کیلنڈر کی رسم رونمانی کی۔وزیر قبائلی امور چودھری ذوالفقار علی ، خزانہ و منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا، چیف سیکرٹری بی بی وِیاس ،پرنسپل سیکرٹری ہوم آر کے گوئیل ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، سیکرٹری جنگلات سوربھ بھگت ، سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ ، سیکرٹری قبائلی امور کفایت حسین رضوی ، جموں اور سانبہ کے ڈپٹی کمشنر وں کے علاوہ دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔