یواین آئی
مشیگن// امریکی ریاست مشیگن میں برفانی طوفان نے تباہی پھیلا دی، سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے 100 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جن میں 30 بھاری ٹرک بھی شامل تھے۔مشی گن میں برفانی طوفان کے باعث سڑکوں پر سفر کی صورت حال انتہائی خطرناک ہو جانے کے بعد بین الریاستی شاہراہ پر 100 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں یا سڑک سے پھسل کر باہر جا گریں۔الجزیرہ کے مطابق پیر کے روز پیش آنے والے اس بڑے حادثے کے بعد مشیگن اسٹیٹ پولیس نے گرانڈ ریپیڈز کے جنوب مغرب میں واقع انٹر اسٹیٹ 196 شاہراہ کو دونوں سمتوں سے بند کردیا، جب کہ حکام 30 سے زائد ٹریلر ٹرکوں سمیت تمام گاڑیوں کو ہٹانے میں مصروف رہے۔ مشیگن اسٹیٹ پولیس کے مطابق ان حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوئے، تاہم کسی کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز اور مقامی ذرائع ابلاغ کی جانب سے شائع کی گئی فوٹیج میں برف سے ڈھکی شاہراہ کے ایک طویل حصے پر ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کو ایک دوسرے کے اوپر چڑھا ہوا دکھایا گیا۔ یہ حادثہ ملک بھر میں پھیلنے والے شدید موسمِ سرما کے طوفان کے اثرات کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ہر جگہ الٹی گاڑیاں اور جیک نائف ٹرک بکھرے نظر آئے، فاکس ویدر کی جاری کردہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے ہائی وے انٹراسٹیٹ 196 مکمل طور پر برف سے ڈھکی ہوئی ہے، حادثے کے وقت 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں اور علاقے میں ایک فٹ سے زائد برف جمع ہوچکی ہے۔امریکی نیشنل ویدر سروس نے متعدد ریاستوں میں یا تو شدید سرد درجہ حرارت یا برفانی طوفان کے امکانات کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے، جو شمالی منیسوٹا سے شروع ہو کر جنوب اور مشرق کی جانب وسکونسن، انڈیانا، اوہائیو، پنسلوینیا اور نیویارک تک پھیلی ہوئی ہے۔ایک موٹر سوار پیڈرو ماتا جونیئر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ حادثے سے قبل جب وہ 32 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ (20 سے 25 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے تو سڑک پر اڑتی ہوئی برف کے باعث انھیں اپنے سامنے موجود گاڑیاں بھی بمشکل دکھائی دے رہی تھیں۔انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی پک اَپ ٹرک کو بحفاظت روکنے میں کامیاب ہو گئے۔