راجوری // پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری و ممبر اسمبلی راجوری چودھری قمر حسین نے روہنگیائی مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے نام بن کر رہ گیاہے جس میں ترمیم کرکے مغربی ممالک کی اجارہ داری ختم کی جائے ۔گاندھی جینتی کے موقعہ پرڈاک بنگلہ راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مہاتماگاندھی ، مولانا عبدالکلام آزاد،پنڈت نہروجیسے لیڈروں کو رہتی دنیا تک یاد کیا جائےگاکیونکہ ملک کی تعمیر میں ان کا اہم رول رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے پیغام کو عام کرنے والے مہاتماگاندھی جیسی شخصیت کو یاد رکھاجاناچاہئے تاکہ لوگوںکو انسانیت کا پیغام دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ لیکن کچھ مفاد پرست مہاتما گاندھی جیسی شخصیت کی اب مخالفت پر اتر آئے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے ۔ ان کاکہناتھا کہ گاندھی جینتی کے موقعہ پر یہ پیغام دیاجاناچاہئے کہ دنیا کے مسلمانوں کی مدد کی جائے ۔ان کاکہناتھاکہ اقوام متحدہ اس وقت ایک برائے نام ادارہ بن کر رہ گیاہے جہاں مغربی ممالک کی اجارہ داری ہے اس لئے اسے ازسر نو تشکیل دیا جانا چاہئے تاکہ عام لوگوں کو انصاف مل سکے ۔ قمر حسین نے کہا کہ روہنگیامسلمانوں کو بے دری اور درندگی کے ساتھ قتل کیا جارہا ہے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ، اقوام متحدہ کو جب عراق اور افغانستان پر حملہ کروانا آتا ہے تو برما پر کیوں نہیں ،کیا وہاں انسان نہیں بستے ۔انہوںنے کہاکہ مغربی ممالک میں اگر کسی کا کتا بھی مرجاتا ہے تو اس پر بھی دکھ کا اظہار کیاجاتاہے لیکن اگر پوری دنیا میں کہیں اسلام کے نام پر انسانیت کا قتل ہورہا ہوتو سب خاموش ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کے اس بیان کو افسوسناک بتایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ برما حکومت کا اقدام جائز ہے ۔ ان کاکہناتھا کہ یہ کوئی نہیں دیکھ رہا کہ بدھ مت کے دہشت گرد کس طرح انسانیت کا قتل کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں مہاتماگاندھی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی ضرورت ہے ۔