سرینگر// نیشنل کانفرنس نے موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کو 1990 کی طرف دھکیل رہی ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق ان باتوں کا اظہار پارٹی لیڈران عرفان احمد شاہ، شمیمہ فردوس،پیر آفاق احمداورانجینئر صبیہ قادری نے ضلع سرینگر کے عہدیداروں سے ایک اجلاس کیا۔ اس موقع پر ضلع سرینگر کے عہدیداران اور بلاک صدور موجود تھے۔ اجلاس میں شرکاء نے اپنے اپنے بلاکوںکے مسائل اُجاگر کئے اور اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ انتظامیہ نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ کشمیر ی عوام اس وقت نہ صرف انتظامی نااہلی اور غفلت شعاری سے روزمرہ کی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں بلکہ حکمرانوں کی غلط پالیسی سے یہاں خوف و دہشت کا ماحال ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ اور ہراسانی اس قدر عروج پر ہے کہ بہت سارے نوجوان غلط راستہ اپنانے کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئے روز سرکاری ملازمین کو مختلف بہانے بناکر برطرف کیا جارہا ہے جبکہ نئی دلی جموں وکشمیر میں افسر شاہی کو دوام بخش کر عوام کو پشت بہ دیوار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370کی فوری بحالی عمل میں لائی جانی چاہئے کیونکہ یہی ایک ایسا واحد راستہ ہے جو یہاں کے عوام میں نہ صرف اعتماد بحال کرسکتا ہے بلکہ یہاں کے حالات بھی سدھار سکتا ہے۔ دریں اثناء پارٹی کے ضلع بڈگام کی مجلس عاملہ کا اجلاس پارٹی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی لیڈران عبدالاحد ڈار، ڈاکٹر محمد شفیع، غلام نبی بٹ، رئیس متواور بلاک صدور موجود تھے۔