پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کی ہدایت پر تحصیلدار حویلی جہانگیر احمد اور ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ شاہد نعیم نے کھڑی کرماڑہ، گلپور، رنگڑ نالہ اور اجوٹ اور دیگوار کے لوگوں کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے انہیں یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ پونچھ اورپویس انتظامیہ پونچھ ان کو ہر ممکن تعاون دینے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ ان کے لئے علاقہ میں کسی بھی ایمرجنسی کے دوران ایمبولینس کااہتمام کیا گیا ہے جبکہ نامساعد حالات کے دوران اگر وہ لوگ گھروں سے ہجرت کرتے ہیں تو ان کے لئے شہر پونچھ میں قیام و طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے لوگوں کو ہدایت دی کہ وہ اگر کہیں بھی کوئی گولہ وغیرہ دیکھتے ہیں تو اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کریں بلکہ چوکی افسر کو اس کی اطلاع کریں تاکہ اس سے کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تحصیلدار حویلی نے کہا کہ انہیں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی جانب سے ہدایت ملی ہے کہ وہ لوگوں کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی دیںاور ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسی سلسلہ میں انہوں نے اس سرحدی علاقہ کا دورہ کر کے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کو ضروری ہدایات بھی دیں۔