سرینگر//پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے کہاہے کہ جموںوکشمیرکے دورافتادہ علاقوںمیںرہائش پذیر پسماندہ اور کمزور طبقے تاریک ترین دور میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ کے این ایس کے مطابق دودھی مژھل کپوارہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہاکہ مرکز میں برسراقتدار بھاجپا حکومت کی غلط پالیسیوں سے پسماندہ طبقے مزید پسماندگی کی طرف دھکیلے جارہے ہیں۔مژھل میں2روزہ دورے کے دوران مختلف علاقوں کے پارٹی ورکروں اور مقامی وفود سے بات کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا کہ بھاجپا نے جموںوکشمیر اور خصوصی طور پر پسماندہ علاقوںاور دیگر کمزور طبقوں سے تعمیر و ترقی کے جو وعدے کئے تھے ، وہ سراب ثابت ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ ترقی پسند اتحاد (United Progressive Alliance I ) اور یو پی اے IIکے دور اقتدار میں جو ترقیاتی سکیمیں منظور کی گئی تھیں، انہیں یا تو منسوخ کیاگیا یا پھر نفاذ کے انتظار میں ہیں جس کے سبب پسماندگی میں اضافہ ہوا جس سے لوگوں کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مژھل اور جموںوکشمیر کے دوردراز علاقوں میں بھی آج بہتر سڑک رابطے، بجلی کی عدم دستیابی اور بنیادی و طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ پردیش کانگریس صدر نے کہاکہ حکومت کے تعمیر و ترقی کے دعوے فقط کاغذات پر دکھائی دے رہے ہیںاور ان علاقوںمیں پہنچنے کیلئے کوئی کوششیں نہیں کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کیلئے کوئی جوابدہی دنہیں ہے، بے روزگاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے تعمیر و ترقی اور دیگر معاملات بھاجپا حکومت میں زمینی سطح پر دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت میں رہنے کیلئے لوگوں سے جھوٹے وعدے اور سیاسی استحصال کیاگیا۔ انہوںنے خبردار کیا کہ بھاجپا جموںوکشمیر میں عوام مخالف پالیسیوں پر گامزن ہے اور اس کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ میر نے کہاکہ لوگوں کو اس بات کا ادراک ہے کہ انہیں نام نہاد تعمیر و ترقی ، جو کہیں دکھائی نہیں دے رہی ہے، کے نام پر سزا دی جارہی ہے اور عوام کا بھاجپا اوراس کی درپردہ جماعتوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ انہوںنے مرکز کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے سے انکار کیاجارہاہے، نہ صرف عوام مخالف ایجنڈا کو پورا کرنے کیلئے بھاجپا حکومت نے عوام کے حقوق چھینے ہیں بلکہ جموںوکشمیر میں رہائش پذیر لوگوں کو مایوس کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر عوامی حکومت کا مستحق ہے نہ کہ گورنر راج کا ، لہذا جلد سے جلد چنائو کا انعقاد کرکے ریاستی درجہ کی بحالی کی جائے۔ جلسہ میں پردیش کانگریس کے نائب صدر حاجی عبدالرشید ڈار، گلزار احمد وانی (سابق رکن قانون سازیہ)، ضلع صدور اور دیگر لیڈران موجود تھے۔
اعتماد بڑھانے کیلئے ریاستی درجہ کی بحالی اور چنائو ناگزیر: میر
