عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //جمعرات کی دیر شام مغربی بنگال کی برسراقتدار پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی۔ اس ویڈیو میں ٹی ایم سی نے اسٹرانگ روم میں پوسٹل بیلٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام عائد کیا، جس کے بعد پارٹی لیڈران کا متعلقہ مقام پر پہنچنا شروع ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی خود بھی وہاں پہنچ گئیں اور دھرنا و احتجاج شروع ہو گیا۔ اپوزیشن بی جے پی نے اسے سیاسی ڈرامہ قرار دیا۔ معاملہ بڑھنے پر الیکشن کمیشن کو پریس کانفرنس کر کے صورتحال واضح کرنی پڑی۔الیکشن کمیشن نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹرونگ روم کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اور تمام ای وی ایم کو قواعد کے مطابق سیل کیا گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق ہر مرحلے پر امیدواروں اور ان کے نمائندوں کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے اور کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں ہے۔ اس دوران ریاست میں ایک زبردست ہلچل دیکھنے کو ملی جو شام سے دیر رات تک جاری رہی۔ اسٹرانگ روم کھولنے کی جانکاری ملتے ہی ٹی ایم سی رہنما کنال گھوش اور ششی پانجا موقع پر پہنچے، لیکن انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ٹی ایم سی نے اس پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نمائندوں کے بغیر پوسٹل بیلٹ اور پنک پیپر کو سنبھالنا جمہوریت کے خلاف ہے۔ پارٹی نے اس کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس کے بعد سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھ گیا۔ کنال گھوش اور ششی پانجا اسٹرانگ روم کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے اور کچھ ہی دیر میں ممتا بنرجی بھی موقع پر پہنچ گئیں۔