دبئی//یو این آئی//ہیکنگ کے تازہ معاملے کے اجاگر ہونے سے پوری دنیا میں ہلچل مچی ہوئی ہے جس میں دنیا کی اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد کے موبائل فون ہیک کرنے اور ڈاٹا چرانے کے معاملہ کا انکشاف ہوا ہے ۔ اسرائیل کی نجی ہیکنگ کمپنی کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک کے صحافیوں، انسانی حقوق کی رہنماؤں، سیاست دانوں اور یہاں تک وزرائے اعظم اور صدور کے موبائل فون ہیک کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔اسرائیلی کمپنی کی جانب سے تقریبا دنیا بھر کے ایک ہزار افراد کے موبائل فونز کی جاسوسی کیے جانے کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں تہلکہ مچ گیا اور لوگ مذکورہ معاملے پر مزید تفتیش کا مطالبہ کررہے ہیں۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سمیت دیگر 17 صحافتی اداروں کی مشترکہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اسرائیلی ہیکنگ فرم نے دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے موبائل فون ہیک کیے ۔رپورٹ کے مطابق صحافتی اداروں کی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ اسرائیلی فرم ‘این ایس او’ نے ایک ہزار صحافیوں کے موبائل فون تک رسائی حاصل کی اور مجموعی طور پر 50 ہزار موبائل نمبرز کا جائزہ لیا۔ڈان میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک سب سے بڑے ہیکنگ اسکینڈل کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اسرائیلی فرم نے کسی نہ کسی طرح کم از کم 37 اسمارٹ موبائل فونز کو ہیک کرکے ان سے ہر طرح کا ڈیٹا حاصل کیا۔مذکورہ رپورٹ ابتدائی طور پر واشنگٹن پوسٹ اور دی گارجین سمیت دیگر نشریاتی اداروں نے شائع کی تھی۔