یو این آئی
غزہ//غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ ترین حملوں میں مزید 127 فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 127 فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں 7 اکتوبر سے اب تک ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار 985 ہوگئی۔ اسرائیلی حملوں سے اب تک 68 ہزار 883 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی شہر خان یونس میں العمل اسپتال کی تیسری منزل کو توپ خانے سے نشانہ بنا دیا ہے ۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اپنی مہم پر توجہ مرکوز کر دی ہے ، جہاں فوج حماس کے ساتھ ٹینکوں اور فضائی مدد سے لڑائی میں مصروف ہے ۔اسرائیلی فوج کے مطابق اسپیشل فورسز نے نصر اسپتال اور اس کے ارد گرد ڈیرہ ڈال لیا ہے ، کئی ہفتوں سے اسپتال کا محاصرہ جاری ہے ۔ادھرمغربی کنارے میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کے دوران فائرنگ میں دو فلسطینی ہلاک اور ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہو گیا۔یہ اطلاع فلسطینی اور اسرائیلی افسران نے دی۔ فلسطینی وزارت صحت نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت 19 سالہ نبیل عامر اور 36 سالہ محمد العوفی کے طور پر کی ہے جنہیں طولکرم کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں نے گولی مار دی تھی۔