عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ بٹّل بالیاں، ادھم پور میں ریڈ کیٹیگری سے تعلق رکھنے والے چار یونٹس فعال ہیں، جو 51.7کنال اراضی پر قائم ہیں اور ان میں 172افراد کو روزگار حاصل ہے۔نائب وزیر اعلیٰ رکن اسمبلی آر ایس پٹھانیا کی جانب سے پیش کیے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ یونٹس مناسب آلودگی کنٹرول آلات کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان کے اخراج مقررہ حدود کے اندر ہیں۔ جموں و کشمیر پولوشن کنٹرول کمیٹی ادھم پور کے ڈویژنل افسر اس کی باقاعدہ نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کوئی بھی یونٹ انڈسٹریل اسٹیٹ یا نجی زمین پر اس وقت تک کام شروع نہیں کر سکتا جب تک وہ پولوشن کنٹرول کمیٹی سے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق “کنسنٹ ٹو آپریٹ” سرٹیفکیٹ حاصل نہ کر لے۔مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ریڈ کیٹیگری کاایک یونٹ ’میسرزسپر ریفائنریز‘کے خلاف ممبر سیکرٹری، جموں و کشمیر پولوشن کنٹرول کمیٹی کی جانب سے بندش کا حکم جاری کیا گیا ہے۔